ممبئی،24دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چھترپتی شیواجی یادگار کے ”جل پوجن“تقریب کے لئے شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کے وزیر اعظم کے ساتھ ہونے کے باوجود پارٹی آج اپنے اتحادی بی جے پی سے ناراض نظر آئی اور الزام لگایا کہ سیاسی فائدے کے لئے اس نے موقع کو ہائی جیک کر لیا۔رام مندر کے معاملے پر بھی شیوسینا نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنی ناکامی قبول کرنی چاہئے کیونکہ لوک سبھا میں اکثریت ہونے کے باوجود ایودھیا میں مندر بنانے میں پارٹی قابل نہیں ہو سکی۔شیوسینا کی ترجمان منیشا کایندے نے کہا کہ بی جے پی کو نہیں بھولنا چاہئے کہ یہ یادگار مہاراشٹر کے ہر شخص کا خواب ہے۔پیشرو حکومت نے بھی یادگار پر کام شروع کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے جس کا سبب و ہی جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یادگار جب سرکاری فنڈز سے بن رہا ہے تو بی جے پی کو یاد رکھنا چاہئے کہ یہ(جل پوجن یاآدھارشیلا پروگرام)سرکاری پروگرام ہے اور”مہایتی“ مہاگٹھ بندھن کی تمام جماعتوں سے یکساں برتاؤ ہونا چاہئے۔کایندے نے کہا کہ بی جے پی کا پروگرام کو ہائی جیک کرنا ٹھیک نہیں ہے اور لوگوں میں اس کا اچھا پیغام نہیں گیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے رام مندر ریلوے اسٹیشن کے افتتاح میں اسی طرح کا ہتھکنڈااپنایا تھا جہاں اس کے کارکنوں نے وزیر اعظم کی حمایت میں نعرے بازی کی۔